موسم کا شہزادہ۔ اردو کہانی بچوں کے لۓ
موسم کا شہزادہ ایک دلفریب ہوا نے پورے باغ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پرندے خوشی سے چہچہانے لگے۔ ہر ٗطرف رونق چھا گٸ۔ چاروں طرف پرندوں کی صدا سناٸ دے رہی تھی۔ یہ تبدیلی سدا سے قدرت کا نظام تھی ۔سوکھے میدان میں سبزہ بچھنے لگا۔ پھولوں کی کلیاں چٹخنے لگیں۔ درختوں نے بھی نۓ پتوں کا لباس پہن لیا ۔ یہ سب تیاری عام نہیں تھی۔ یہ تو موسم کے شہزادے کے استقبال کے لۓ ہورہی تھی جو ہر سال موسم بہار کے شروع ہوتے ہی باغ کی سیر کو آتا تھا۔اس باغ میں آم، آڑو، انار اور دوسرے پھلوں کے بکثرت درخت تھے جو شہزادے کے آتے ہی پھولوں سے بھر جاتے تھے۔ موسم کا شہزادہ بہت بہادر اور عقل مند تھا۔ اسے سات براعظموں میں گھومنا اور دنیا کے بارے میں جاننا بہت پسند تھا لیکن اسے اس باغ سے خاص لگاٶ تھا۔ اس لۓ وہ موسم بہار یہیں گزارتا تھا۔ یہی اس کا پسندیدہ موسم بھی تھا۔ شہزادہ صبح کے وقت باغ کے بڑے دروازے پرپہنچ گیا تھا۔ افق پر ابھرتے سورج نے اسے سلامی دی تھی۔ شہزادہ ایک سرد ملک سے طویل سفر کرکے یہاں پہنچا تھا۔ اب وہ پھولوں کے بستر پر آرام کرنا چاہتا تھا لیکن اسے کچھ عجیب محسوس ہورہا تھا۔ ...