Urdu tafheem/comprehension for grade 4-7
موسم کا شہزادہ
ایک دلفریب ہوا نے پورے باغ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پرندے خوشی سے چہچہانے لگے۔ ہر ٗطرف رونق چھا گٸ۔ چاروں طرف پرندوں کی صدا سناٸ دے رہی تھی۔ یہ تبدیلی سدا سے قدرت کا نظام تھی ۔سوکھے میدان میں سبزہ بچھنے لگا۔ پھولوں کی کلیاں چٹخنے لگیں۔ درختوں نے بھی نۓ پتوں کا لباس پہن لیا ۔ یہ سب تیاری عام نہیں تھی۔ یہ تو موسم کے شہزادے کے استقبال کے لۓ ہورہی تھی جو ہر سال موسم بہار کے شروع ہوتے ہی باغ کی سیر کو آتا تھا۔اس باغ میں آم کے اور دوسرے پھلوں کے بکثرت درخت تھے جو شہزادے کے آتے ہی پھولوں سے بھر جاتے تھے۔ موسم کا شہزادہ بہت بہادر اور عقل مند تھا۔ اسے سات براعظموں میں گھومنا اور دنیا کے بارے میں جاننا بہت پسند تھا لیکن اسے اس باغ سے خاص لگاٶ تھا۔ اس لۓ وہ موسم بہار یہیں گزارتا تھا۔ یہی اس کا پسندیدہ موسم بھی تھا۔ شہزادہ صبح کے وقت باغ کے بڑے دروازے پرپہنچ گیا تھا۔ افق پر ابھرتے سورج نے اسے سلامی دی تھی۔ شہزادہ ایک سرد ملک سے طویل سفر کرکے یہاں پہنچا تھا۔ اب وہ پھولوں کے بستر پر آرام کرنا چاہتا تھا لیکن اسے کچھ عجیب محسوس ہورہا تھا۔ اس کا دم گھٹ رہا تھا اور اس کے اردگرد کبھی شدید گرمی، کبھی سردی اور کبھی خزاں کا موسم بن رہا تھا۔ برف باری، لو، بارش، پھول اور زرد پتے ایک دوسرے کو مات دینے کے لۓ آمنے سامنے آگۓ تھے۔ موسم کا شہزادہ موسموں کو پریشان محسوس کر رہا تھا کہ اچانک سارے موسم ایک دوسرے سے لڑنے لگے اور وہاں طوفان آگیا۔شہزادے نے جلدی سے باغ میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اس کا گھوڑا باغ کے دروازے پر پہنچ کر ہنہنایا جیسے کوٸ خطرہ ہو۔ باوجود کوشش کے وہ ٹس سے مس نہیں ہورہا تھا۔ آخر موسم کا شہزادہ نے اپنی تلوار نکالی اور آہستہ سے باغ میں داخل ہوا۔ وہاں عجیب منظر تھا۔ سامنے ہی ایک اونچے مقام پر ہوا کی شہزادی قید تھی۔ اس کو ایک درخت کے ساتھ رسیوں سے باندھا گیا تھا۔ ایک بڑے سے پنجرے میں برف کا بادشاہ قید تھا شہزادہ ساری صورتحال سمجھ گیا تھا۔ کوٸ قدرت کے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کررہا تھا۔ اس کی سلطنت کا شیرازہ بکھر رہا تھا۔ اس سے پہلے کہ اسے بھی قید کرلیا جاتا اسے پہاڑوں کے جن سردار سے مقابلہ کرنا تھا اور وہ اس کے لۓ تیار تھا۔
مشق
س۔ سال کے موسموں کے نام بتاٸیں؟
س ۔ موسم کے شہزادے کو کیا پسند تھا؟
س۔ دنیا میں کتنے براعظم ہیں؟
س۔ سارے موسم کیوں پریشان تھے؟
س۔ شہزادے نے باغ میں کیا دیکھا؟
س۔ اس تفہیم کا مرکزی خیال کیا ہے؟
س٢ ۔
تفہیم سے دو محاورات کو ڈھونڈ کر ان کے جملے بنایٸں؟
س٣۔
تفہیم سے دو ہم آواز الفاظ کے جوڑے ڈھونڈیں۔
س٤
ان الفاظ کے متضاد لکھیں
طویل۔ افق
Comments
Post a Comment